اسلام آباد(رم نیوز)اپوزیشن اتحاد کے اہم مشاورتی اجلاس میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور ان تک ذاتی معالجین کی رسائی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اپوزیشن نے اس معاملے پر حکومت اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ عمران خان تک ان کے ذاتی معالجین کی رسائی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب قانونی اور سیاسی راستے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اپوزیشن اتحاد کی قیادت دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور احتجاجی یا قانونی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے اراکین کل سپریم کورٹ میں ہونے والی اہم سماعت کے موقع پر عدالت میں موجود رہیں گے۔ ماہرین اس اجلاس کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ایک طرف سپریم کورٹ میں اہم سماعت ہے اور دوسری طرف اپوزیشن اپنی تحریک کو منظم کرنے کے لیے مسلسل مشاورت کر رہی ہے۔ ذاتی معالجین تک رسائی کا معاملہ آنے والے دنوں میں مزید سیاسی رنگ اختیار کر سکتا ہے۔