پاکستان میں 5G انقلاب کی دستک، سپیکٹرم نیلامی 10 مارچ کو کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں فائیو جی (5G) سپیکٹرم کی نیلامی کے لیے 10 مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس سے ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے اس سنگ میل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر کنیکٹیویٹی کے بغیر ڈیجیٹل پاکستان کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فائیو جی آکشن کے بعد انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار کے حوالے سے صارفین کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔ صارفین کی رسائی کے حوالے سے چیئرمین کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں 40 ہزار روپے تک کی قیمت میں فائیو جی سمارٹ فونز دستیاب ہیں۔

مختلف ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کے لیے قسطوں پر موبائل فونز فراہم کرنے کی سہولت بھی متعارف کروا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے 101 ممالک پہلے ہی یہ ٹیکنالوجی اپنا چکے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کنیکٹیویٹی متاثر ہوتی ہے، تاہم نئے سپیکٹرم کے آنے سے سروس کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔