جے ڈی وینس کا انتباہ اور عراقچی کی امید،ایران امریکہ مذاکرات میں 'ریڈ لائنز' کی رکاوٹ برقرار

جنیوا/تہران(رم نیوز) عمان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد دونوں ممالک نے بنیادی اصولوں پر اتفاق کرتے ہوئے مستقبل میں معاہدے کے مسودے شیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ کے ساتھ بنیادی اصولوں پر مفاہمت ہوگئی ہے اور اب دونوں فریقین معاہدے کی دستاویز کے دو مسودے تیار کر کے ایک دوسرے کو فراہم کریں گے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کو مثبت قرار دیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران اب بھی صدر ٹرمپ کی کچھ 'ریڈ لائنز' ماننے سے کترارہا ہے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ سفارت کاری کا فیصلہ صدر ٹرمپ کے ہاتھ میں ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی 'تصدیق' کے لیے ہر قسم کے ضروری اقدامات اور معائنے کے لیے تیار ہے۔اگرچہ دونوں فریقین نے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ابھی کئی پیچیدہ مسائل باقی ہیں جن پر کام جاری رہے گا۔ فریقین نے مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے دوبارہ بیٹھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔