پشاور(رم نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش اور ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی نے 5 روزہ دھرنا ختم کر کے ایک نئی منظم سٹریٹ فورس 'عمران خان رہائی فورس' قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر 'رہائی فورس' تشکیل دی جا رہی ہے جس کا مقصد پرامن سٹریٹ موومنٹ کو منظم کرنا ہے۔
عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں اس فورس کے ارکان سے حلف لیا جائے گا۔فورس کا باقاعدہ 'چین آف کمانڈ' ہوگا اور اس کی سربراہی بانی پی ٹی آئی کی نامزد کردہ شخصیت کرے گی۔ اس بارے میں معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ احتجاج ختم کرنے کے پیچھے کوئی خفیہ مذاکرات نہیں بلکہ یہ ایک سوچی سمجھی تبدیلی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی سیاسی ونگ نہیں بلکہ صرف عمران خان کی رہائی تک متحرک رہنے والی فورس ہے۔کوئی بھی شہری اس کا حصہ بن سکتا ہے اور اس کی باقاعدہ رکنیت دی جائے گی۔رمضان المبارک کے بعد احتجاجی تحریک کو دوبارہ بھرپور انداز میں شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اراکینِ پارلیمنٹ اور کارکنان نے عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں پر 5 روز تک موٹروے اور جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا، تاہم حکومت کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اب احتجاج کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے۔