واٹس ایپ ویب صارفین کا انتظار ختم، اب براؤزر سے براہ راست آڈیو اور ویڈیو کالز ممکن

کیلیفورنیا (رم نیوز)دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ 'واٹس ایپ' نے اپنے ویب ورژن استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین کے لیے ایک بڑی خوشخبری سناتے ہوئے آخرکار آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ میٹا کی ملکیت واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا، جسے اب بتدریج دنیا بھر کے صارفین کے لیے رول آؤٹ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت صرف سمارٹ فونز یا کمپیوٹرز پر انسٹال شدہ ایپس تک محدود تھی، تاہم اب صارفین کسی بھی ویب براؤزر میں واٹس ایپ ویب اوپن کر کے براہ راست کال کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر فی الحال 'ون آن ون' (انفرادی) چیٹس کے لیے دستیاب ہوگا۔ کسی بھی چیٹ کو اوپن کرنے پر کانٹیکٹ کے نام کے برابر میں کال کا آئیکون نظر آئے گا۔اس آئیکون پر کلک کرنے سے صارف کو آڈیو یا ویڈیو کال میں سے انتخاب کرنے کا آپشن ملے گا۔ ویب ورژن میں کال کے دوران کمپیوٹر کی سکرین شیئر کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔ واٹس ایپ ویب پر کی جانے والی تمام کالز کو 'اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن' کا مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔ اس مقصد کے لیے معروف 'سگنل پروٹوکول' استعمال کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ کال کرنے والے دو افراد کے علاوہ کوئی تیسرا شخص (حتیٰ کہ واٹس ایپ بھی) اسے سن یا دیکھ نہیں سکے گا۔واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کو بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے۔