واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ایک نئے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے دنیا بھر کے تمام ممالک سے ہونے والی درآمدات پر 10 فیصد گلوبل ٹیرف فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام سے عالمی تجارتی منڈیوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے حال ہی میں ٹرمپ انتظامیہ کے ٹیرف بڑھانے کے اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا تھا۔
تاہم، صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے اسے "شرمناک" قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کچھ ججز ڈیموکریٹس کی گود میں بیٹھے ہیں اور امریکی مفادات کے بجائے غیر ملکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ ہم اپنے ملک کو لٹنے نہیں دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ یہ نیا ٹیرف فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ پرانے تجارتی معاہدے برقرار رہیں گے، لیکن اب لین دین کا طریقہ کار بدل دیا گیا ہے تاکہ امریکی معیشت کو تحفظ مل سکے۔