ڈھاکہ (رم نیوز) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم مارچ میں بنگلا دیش کا رخ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم 9 مارچ کو بنگلا دیش پہنچے گی، جبکہ کھلاڑی 10 مارچ کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکہ کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا ون ڈے: 11 مارچ۔دوسرا ون ڈے: 13 مارچ۔تیسرا اور آخری ون ڈے: 15مارچ
یہ گزشتہ برس جولائی کے بعد پاکستان ٹیم کا بنگلا دیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔ یاد رہے کہ جولائی میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان بنگلا دیش نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ مئی اور جون میں بنگلا دیش کے دورہ پاکستان کے دوران سلمان علی آغا کی قیادت میں قومی ٹیم نے کلین سویپ کیا تھا۔ کرکٹ ماہرین اس سیریز کو دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں کیونکہ یہ ون ڈے فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی فارم جانچنے اور مستقبل کے بڑے عالمی مقابلوں کی تیاری کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوگی۔