اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، اٹک اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ مسلسل دوسرے روز زمین لرزنے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق تازہ جھٹکوں کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز برہان سے محض 11 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی زمین کے اندر صرف 14 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ گہرائی کم ہونے کے باعث جھٹکے انتہائی واضح محسوس کیے گئے۔
تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز بھی اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں 5.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز کے زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا اور وہ عین افطاری کے وقت آیا تھا، جس نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔