کولمبو (رم نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین شرٹ پہن کر اپنے ہی ملک کے خلاف حکمتِ عملی بنانا ان کے لیے ایک نیا اور انوکھا تجربہ ہے۔
مائیک ہیسن، جنہوں نے سات سال تک نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیے ہیں، کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ کیوی ٹیم کے خلاف پاکستانی ٹیم کے لیے پلاننگ کریں گے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا میں آج بھی دل سے نیوزی لینڈر ہوں، لیکن اس وقت میرا دل اور میری تمام تر وفاداریاں پوری طرح پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ہیڈ کوچ نے بتایا کہ میچ سے قبل ہوٹل میں ناشتے کی میز پر نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں اور پرانے ساتھیوں سے ملاقات ہوئی جو بہت خوشگوار رہی۔ تاہم اب وہ اس بڑے چیلنج کے لیے تیار ہیں اور ان کی تمام تر توجہ پاکستان کی جیت پر مرکوز ہے۔