نئی دہلی (رم نیوز) بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ 'تیجس' لڑاکا طیارہ ایک بار پھر "اڑتا تابوت" ثابت ہوا۔ تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث ایک اور طیارہ ایئربیس کے اندر گر کر تباہ ہو گیا، جس نے بھارتی دفاعی مینوفیکچرنگ کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، دو سال کے قلیل عرصے میں یہ تیسرا موقع ہے جب کوئی تیجس طیارہ تباہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 2024 میں راجستھان اور گزشتہ برس دبئی ایئر شو جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بھی یہ طیارہ اپنی ناکامی کا ثبوت دے چکا ہے۔ حالیہ واقعے میں پائلٹ نے پیرا شوٹ کے ذریعے جان تو بچا لی، لیکن طیارہ مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ اس حادثے کے بعد انڈین ایئرفورس نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے تمام 32 تیجس ایم کے ون طیاروں کا دوبارہ معائنہ شروع کر دیا ہے۔