روس یوکرین جنگ کا فوجی حل ممکن نہیں، فریقین دوبارہ مذاکرات کریں: عاصم افتخار

نیویارک(رم نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، اسے صرف سفارت کاری کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان 2022ء سے ہی اس جنگ کے حل کے لیے مذاکرات پر زور دیتا آیا ہے اور اب بھی فریقین کے درمیان دوبارہ بات چیت کا خواہاں ہے۔

روس یوکرین جنگ کے 4 سال مکمل ہونے پر ہونے والے اس خصوصی اجلاس میں پاکستان نے اپنا اصولی موقف دہرایا۔ پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ فریقین کی علاقائی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس مسئلے کا منصفانہ حل نکالا جائے۔پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ عالمی امن کے لیے مذاکرات اور پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔