شناختی کارڈ کے نئے قواعد جاری: 60 سالہ افراد کو بار بار تجدید سے نجات مل گئی

اسلام آباد (رم نیوز) حکومت پاکستان نے قومی شناختی کارڈ (CNIC) کے سکیورٹی اور تصدیقی نظام کو جدید بنانے کے لیے نئے قواعد کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان ترامیم کا مقصد جعل سازی کا خاتمہ اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب فنگر پرنٹس کے ساتھ ساتھ آئرس سکین (آنکھوں کی شناخت) کو بھی باقاعدہ قانونی درجہ دے دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ کو مائیکرو چپ کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا، جس سے آن لائن اور آف لائن فوری تصدیق ممکن ہو گی۔ نئے قانون کے تحت 60 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کو تاحیات مؤثر سمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں بار بار دفتر آنے یا کارڈ کی تجدید کروانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ معطل ہونے کی صورت میں اس سے منسلک تمام ڈیجیٹل اور توثیقی خدمات فوری طور پر بلاک کر دی جائیں گی تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔