لاہور (رم نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور معروف قانون دان سردار لطیف کھوسہ نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان نے جیل سے ’اسٹریٹ موومنٹ‘ کا سگنل دے دیا ہے، جس کے لیے سہیل آفریدی کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے نوجوانوں پر مشتمل ’رہائی فورس‘ کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں لطیف کھوسہ نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو دورانِ قید تین بار فوڈ پوائزننگ ہو چکی ہے، جو کہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے فوری اور معیاری علاج کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنیں اپنے بھائی کی زندگی کے حوالے سے شدید فکر مند ہیں، ان کا غصہ اور وکلاء پر تنقید جائز ہے کیونکہ وہ اپنے بھائی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں چاہتیں۔
لطیف کھوسہ نے تحریک انصاف کے اگلے سیاسی لائحہ عمل کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا عمران خان نے سہیل آفریدی کو سڑکوں پر احتجاج منظم کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے نے اس تحریک کو تقویت دینے کے لیے باقاعدہ ’رہائی فورس‘ بنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ نوجوانوں کی قیادت میں تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سردار لطیف کھوسہ نے موجودہ عدالتی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آئین کو پامال کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے آصف زرداری کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ بھی وہ کچھ نہیں ہوا جو آج عمران خان کے ساتھ ہو رہا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ وکلاء کو جیل تک رسائی نہیں دی جا رہی جو کہ قانونی دفاع کے حق پر ڈاکہ ہے۔