آئی ایم ایف کا مشن استحکام، سٹیٹ بینک کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ، سرمایہ کاروں سے بھی مشاورت

کراچی (رم نیوز ) پاکستان کے معاشی مستقبل اور قرض پروگرام کے جائزے کے لیے آئی ایم ایف وفد کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفد آج مسلسل دوسرے روز بھی سٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کے ساتھ بیٹھے گا، جہاں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر، شرح سود اور مانیٹری پالیسی جیسے اہم اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفد کی آج کی مصروفیات میں صرف سرکاری حکام ہی نہیں بلکہ نجی شعبہ بھی شامل ہے۔ وفد آج غیر ملکی سرمایہ کاروں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے پاکستان میں کاروباری ماحول اور انویسٹمنٹ پالیسیوں پر فیڈ بیک لے گا۔ کل (جمعہ) پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات طے ہے، جس میں ملکی صنعت اور برآمدات سے متعلق امور پر بات ہوگی۔مذاکرات کا اگلا مرحلہ مزید تکنیکی اور فیصلہ کن ہوگا۔ پیر سے اسلام آباد میں وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات شروع ہوں گے۔

مارچ کے پہلے ہفتے میں وفد کے پی حکومت کے ساتھ مالیاتی معاملات اور صوبائی بجٹ کے حوالے سے اہم نشست کرے گا۔ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد معاشی اصلاحات کی رفتار کو جانچنا ہے تاکہ آئندہ قسط کے حصول اور نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے لیے فریم ورک تیار کیا جا سکے۔