’آپریشن غضب للحق‘: پاکستانی فورسز کا سرحدوں پر دندان شکن جواب، افغان طالبان کے30اہلکار ہلاک

راولپنڈی(رم نیوز)پاک افغان بارڈر پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال کارروائیوں اور کواڈ کاپٹر حملوں کی کوششوں کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے خاک میں ملا دیا ہے۔ ’آپریشن غضب للحق‘ کے تحت کی جانے والی جوابی کارروائی میں جدید جنگی حکمتِ عملی اپناتے ہوئے افغان طالبان رجیم کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے، جس میں 22 اہلکاروں کی ہلاکت اور متعدد چوکیوں کی تباہی شامل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاکستانی چوکیوں پر کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملے کی بزدلانہ کوشش کی، جسے جدید دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بناتے ہوئے تمام کواڈ کاپٹرز مار گرائے گئے۔پاکستانی فورسز نے جوابی طور پر ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے باجوڑ، تیراہ اور چترال سیکٹرز میں دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ باجوڑ میں 2 اور چترال میں 1 اہم چیک پوسٹ کو بھاری گولہ باری سے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز کی کاری ضرب کے بعد حملہ آور اور ان کے سرپرست خوارج میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے افغان طالبان کے میڈیا سیل کی جانب سے فیک ویڈیوز اور جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔