پاک افغان جھڑپیں، اقوام متحدہ کی عالمی قوانین کی پاسداری اور تحمل کی اپیل

نیویارک (رم نیوز) اقوام متحدہ کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور فضائی حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو بین الاقوامی قوانین کے احترام کی تاکید کی ہے۔سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ریاستوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون، بالخصوص انسانی حقوق کے قوانین کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو سختی سے پورا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورتحال میں عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ دوسری جانب، اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے حالیہ مہلک حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو تمام تصفیہ طلب مسائل باہمی ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ سرحدی جھڑپوں سے انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے ان رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں پڑوسی ممالک کا تحمل کا مظاہرہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔