اسلام آباد(رم نیوز) سینیٹ آف پاکستان نے ایک اہم کارروائی کے دوران افغانستان کی جانب سے پاکستانی حدود میں دراندازی اور افغان سرزمین کے مسلسل غلط استعمال کے خلاف متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد میں پاکستانی سرحدی علاقوں میں افغان مداخلت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں واضح کیا گیا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی یا کسی بھی قسم کی کارروائی کے لیے استعمال ہونا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ سینیٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طالبان انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا فوری نوٹس لے۔ ایوان نے ملک کی خاطر سرحدوں پر جانیں قربان کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔