راولپنڈی (رم نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ’آپریشن غضب للحق‘ میں اب تک 274 خوارج ہلاک اور 400 زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں اور ان کے تحفظ کرنے والوں کے لیے اب زمین کا کوئی ٹکڑا محفوظ نہیں رہے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران آپریشن کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا دہشت گردوں کی 73 پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ پاک فوج نے 18 پوسٹوں پر مکمل قبضہ کر لیا ہے۔
کارروائی کے دوران دشمن کے 115 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئی ہیں۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان کے 22 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ترجمانِ پاک فوج کے مطابق مادرِ وطن کے دفاع کی اس جنگ میں پاک فوج کے 12 جانباز جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جبکہ 27 جوان زخمی اور ایک لاپتہ ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کی بہادری کو بھی خصوصی طور پر سراہتے ہوئے انہیں سلیوٹ پیش کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے افغان طالبان رجیم کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہاافغان طالبان رجیم دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ انہیں اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ؛ ہماری چوائس بالکل واضح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی جانب سے خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ پاک فوج نے صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جس کی ویڈیوز ثبوت کے طور پر موجود ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سبی، ایبٹ آباد اور نوشہرہ میں دشمن کے ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور نیشنل ایکشن پلان پر کسی قسم کا اختلاف نہیں۔