کولمبو میں انگلش پینرز کا راج؛ وِل جیکس اور ریحان احمد کی دھواں دھار بیٹنگ نے نیوزی لینڈ کو ڈھیر کر دیا

کولمبو (رم نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں انگلینڈ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ کی اس فتح میں وِل جیکس اور نوجوان ریحان احمد کی 16 گیندوں پر 44 رنز کی طوفانی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم ایک موقع پر مشکلات کا شکار تھی، تاہم آخری اوورز میں وِل جیکس اور ریحان احمد نے بازی پلٹ دی،وِل جیکس نے 32 اور ریحان احمد نے 19 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر میچ کا اختتام کیا۔ٹام بینٹن 33 اور کپتان ہیری بروک 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ سیم کرن نے 24 رنز کا اضافہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے رچِن رویندرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور گلین فلپس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ٹِم سائفرٹ 35 اور فِن ایلن 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کے سپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا؛ وِل جیکس، عادل راشد اور ریحان احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے 160 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ وِل جیکس نے نہ صرف بلے سے بلکہ گیند سے بھی 2 وکٹیں لے کر آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی، جس کی بدولت انگلینڈ نے سپر ایٹ مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔