افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب: وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی منظوری دیدی

راولپنڈی (رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز (GHQ) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک افغان سرحد کی موجودہ صورتحال اور حالیہ جھڑپوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ دشمن کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے پوری قوم اور افواجِ پاکستان متحد ہیں۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور دشمن کی جانب سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینا بخوبی جانتی ہیں۔

وزیراعظم نے افغان طالبان رجیم کے سرحدی حملوں کو کامیابی سے پسپا کرنے اور موثر جوابی کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی برقرار رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے درمیان گٹھ جوڑ پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے جسے آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ارضِ وطن کی حفاظت کے مقدس مشن میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔