آسمان پر ایمان افروز نظارہ: آج رات چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر نمودار ہوگا

مکہ مکرمہ / جدہ (رم نیوز) فلکیاتی ماہرین کے مطابق آج کی شب ایک نادر اور دلکش منظر دیکھنے میں آئے گا جب چاند گردش کرتا ہوا عین خانہ کعبہ کے اوپر پہنچ جائے گا۔ یہ موقع دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قبلے کی درست سمت کے تعین کا ایک بہترین قدرتی ذریعہ ثابت ہوگا۔

سعودی ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ آج رات مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 24 منٹ اور 40 سیکنڈ پر چاند مقامی میریڈین لائن عبور کرتے ہوئے 90 ڈگری کی بلندی پر پہنچ جائے گا۔ اس وقت چاند کی روشنی تقریباً 91 فیصد ہوگی، جس کی وجہ سے یہ آسمان پر نہایت واضح اور پُررونق دکھائی دے گا۔اس فلکیاتی واقعے کی سب سے بڑی اہمیت قبلہ رُخ کا تعین ہے۔ جس لمحے چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر (Zenith) ہوگا، دنیا کے مختلف حصوں میں موجود افراد چاند کی سمت رخ کر کے اپنے قبلہ رُخ کی سو فیصد درست تصدیق کر سکیں گے۔

یہ طریقہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو کسی سائنسی آلے یا ایپ کے بغیر قبلے کی سمت جاننا چاہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس خوبصورت منظر کو دیکھنے کے لیے کسی بھی قسم کی دوربین یا خصوصی آلات کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صاف آسمان کی صورت میں اسے عام آنکھ سے بآسانی دیکھا جا سکے گا، جبکہ اس دوران دیگر چمکدار ستارے بھی چاند کے گرد اس منظر کی دلکشی میں اضافہ کریں گے۔