کینڈی (رم نیوز) آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم آج ایک انتہائی مشکل مشن پر میدان میں اترے گی۔ پالے کیلے سٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم مقابلے میں گرین شرٹس کو سری لنکا کے خلاف محض جیت ہی نہیں بلکہ ایک ایسی فتح درکار ہے جو رن ریٹ کے تمام حساب کتاب برابر کر دے۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر رن ریٹ نے صورتحال کو سنسنی خیز بنا دیا ہے۔
نیوزی لینڈ 1.390 کے مثبت رن ریٹ کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں ہے، جبکہ پاکستان کا رن ریٹ منفی 0.461 ہے۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سلمان آغا کی الیون کو درج ذیل دو میں سے ایک ہدف حاصل کرنا ہوگا۔پہلے بیٹنگ کی صورت میں پاکستان کو سری لنکا کو کم از کم 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا کوئی بھی ہدف پاکستان کو صرف 13.1 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔ پاکستان کے لیے یہ میچ کسی چیلنج سے کم نہیں کیونکہ سری لنکا کو اپنے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا فائدہ حاصل ہوگا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان کو پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ اور بولنگ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانی ہوگی تاکہ مطلوبہ رن ریٹ حاصل کیا جا سکے۔ قومی کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم اس 'ناممکن' کو 'ممکن' بنانے کے لیے پرعزم ہے اور کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ صرف جیت کے لیے نہیں بلکہ بڑے مارجن کے لیے میدان میں اتریں۔