امریکہ کو جنگ میں دھکیلنے کی باتیں مضحکہ خیز ہیں، نیتن یاہو کا ایران پر حملوں کا دفاع

لندن(رم نیوز)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل کی جانب سے امریکہ کو جنگ میں گھسیٹنے کے الزامات کو "مضحکہ خیز" قرار دے دیا ہے۔ فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک طاقتور رہنما ہیں اور وہ وہی کرتے ہیں جو امریکی مفاد میں بہتر ہوتا ہے، تاہم کبھی کبھی دشمن سے تحفظ کے لیے جنگ ناگزیر ہو جاتی ہے۔

نیتن یاہو نے ایران پر حالیہ حملوں کو درست قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تہران اپنی جوہری سرگرمیوں کے باعث چند ماہ میں اس حد تک طاقتور ہو جاتا کہ اسے روکنا ناممکن ہو جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جون کی 12 روزہ جنگ کے باوجود ایران نے زیرِ زمین بنکرز میں بیلسٹک میزائل اور ایٹم بم کی تیاری جاری رکھی ہوئی تھی، اس لیے اب ایکشن لینا ضروری تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایران کے خلاف یہ کارروائی طویل نہیں بلکہ "فوری اور فیصلہ کن" ثابت ہوگی۔