واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے کھلوانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، صدر نے خلیج سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو امریکی فوجی تحفظ اور مالیاتی انشورنس فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر امریکی نیوی کے جنگی جہاز کمرشل بحری بیڑوں اور آئل ٹینکرز کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ سفر کریں گے۔
امریکی مالیاتی ادارے عالمی تجارت کو سہارا دینے کے لیے تجارتی جہازوں کو انشورنس اور مالی ضمانتیں فراہم کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ جرمن چانسلر سے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فضائیہ، بحریہ اور قیادت کو تقریباً ختم کر دیا گیا ہے اور اب وہاں سے لوگ ہتھیار ڈالنے کے لیے استثنیٰ مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران پر حملوں کی نئی لہر شروع ہونے والی ہے اور اسے مزید بڑے نقصان کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس کے علاوہ صدر نے یورپی ممالک کے حوالے سے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے سپین سے تجارت ختم کرنے اور برطانیہ کے رویے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔