اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی دارالحکومت میں سیاسی سرگرمیوں میں اچانک تیزی آگئی ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے پارلیمانی لیڈران کے ان کیمرہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے مولانا فضل الرحمن نے کلیدی کردار سنبھال لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزائی سے ایک ہی دن میں تین مرتبہ رابطہ کیا۔
ان رابطوں کا مقصد انہیں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں ہونے والے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے آمادہ کرنا اور مشاورت کا عمل مکمل کرنا تھا۔صرف یہی نہیں، مولانا فضل الرحمن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان سے بھی رابطہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ان کیمرہ اجلاس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے خود بھی اس ان کیمرہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ہمراہ جے یو آئی (ف) کا ایک وفد بھی شریک ہوگا جس میں،سینیٹر مولانا عطاء الرحمن،سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے طلب کردہ اس ان کیمرہ اجلاس میں ملکی سلامتی اور اہم قومی امور پر پارلیمانی قیادت کو بریفنگ دیے جانے کا امکان ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی ان کوششوں کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان برف پگھلانے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔