تہران/ریاض (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے اس وقت خطرناک رخ اختیار کر لیا جب ایرانی فوج نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کا دعویٰ کر دیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایران نے کویت اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو 40 سے زائد میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی و اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنی میزائل قوت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کے 10 ڈرونز بھی تباہ کر دیے گئے۔ ایرانی ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے ایران میں "رجیم چینج" (حکومت کی تبدیلی) کی کوئی کوشش کی تو جواب میں اسرائیل کی جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
لبنان سے حزب اللہ نے تل ابیب کے جنوب میں اسرائیلی فوجی اڈے اور آئرن ڈوم ریڈار سسٹم پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے بھی الخرج شہر کے قریب آنے والے 3 کروز میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم اس کارروائی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس سے قبل بیروت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 5 روز میں مشرقِ وسطیٰ کے 8 ممالک کی 20,000 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔پاکستان میں بھی اس کا شدید اثر دیکھا جا رہا ہے جہاں مسلسل چھٹے روز مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ماہرین کے مطابق تہران کی جانب سے کویت اور بحرین میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانا اس بات کی علامت ہے کہ اب یہ جنگ صرف اسرائیل تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔