واشنگٹن(رم نیوز) سابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ طور پر جلد اپنی فتح کا اعلان کر سکتے ہیں۔سابق وزیر خارجہ نے ٹرمپ انتظامیہ کو جنگ ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت یہ مؤقف اپنا سکتی ہے کہ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کو ہٹا دیا اور ایران کے نیوکلیئر و میزائل پروگرام کو مفلوج کر دیا ہے۔
انٹونی بلنکن کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ یہ کریڈٹ لے سکتی ہے کہ انہوں نے ایرانی خطرے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔ بلنکن نے تجویز دی کہ ایرانی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ اب وہاں کے عوام پر چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ یہ کہنا کافی ہوگا کہ ہم نے ایران کی عسکری اور جوہری طاقت کو کمزور کر دیا ہے، لہٰذا اب جنگ کا باب بند کیا جائے۔