راولپنڈی میں دہشت گردی کے خطرات، 19 سے 21 رمضان کے لیے 'سپیشل سکیورٹی پلان' نافذ

راولپنڈی(رم نیوز) شہر میں ممکنہ تخریب کاری کے خدشات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے حکم پر 19 سے 21 رمضان المبارک کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے 'خصوصی تھریٹ ایڈوائزری' جاری کر دی گئی ہے۔ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے تمام ڈویژنل ایس پیز اور تھانہ سربراہان کو جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔ نور خان ایئر بیس، پولیس لائنز، سرکاری عمارتوں اور تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو مسلسل مانیٹر کرنے اور فورس کو الرٹ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں پر اضافی نفری تعینات کر کے سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس پی سکیورٹی کو ضلع کچہری، ہائی کورٹ اور نیو جوڈیشل کمپلیکس کے حفاظتی انتظامات کا خود جائزہ لینے کا پابند کیا گیا ہے۔ رمضان سہولت بازاروں، شاپنگ مالز، دسترخوانوں اور مصروف بس اڈوں پر کڑی نگرانی کے لیے خصوصی دستے تعینات رہیں گے۔

سحری و افطاری کے اوقات میں ون ویلنگ روکنے کے لیے پکٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ جوائنٹ چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو ہر دو گھنٹے بعد بریفنگ دی جائے گی۔ مراسلے کے مطابق تمام پولیس دفاتر اور تھانوں کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس لائنز میں 24 گھنٹے ایک افسر ڈیوٹی چیک کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔