ایران طویل جنگ کے لیے تیار، 'خفیہ اور جدید ہتھیاروں' کے استعمال کی دھمکی

تہران(رم نیوز)پاسدارانِ انقلاب ایران (IRGC) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے دشمن کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایک "طویل جنگ" کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور جلد ہی ایسے جدید ترین ہتھیار میدان میں لائے جائیں گے جو اب تک استعمال نہیں کیے گئے۔

ترجمان آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ حملوں کی نئی لہر شروع ہونے والی ہے جس میں دشمن کو کاری ضربوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جنرل نائینی کے مطابق ایران کے نئے اقدامات اور ہتھیار تیار ہیں، یہ وہ ٹیکنالوجی ہے جسے اب تک بڑے پیمانے پر کسی بھی محاذ پر استعمال نہیں کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران گزشتہ برس امریکہ اور اسرائیل کے خلاف ہونے والی 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں اب عسکری طور پر کہیں زیادہ مضبوط اور لیس ہے۔

ایرانی ترجمان نے دشمن کے خلاف آخری حد تک جانے کا عزم ظاہر کیا۔ ایران کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور تہران نے اپنی نئی تزویراتی صلاحیتوں کے استعمال کا اشارہ دیا ہے۔