ٹرمپ کا لاطینی امریکہ میں بڑے ایکشن کا اشارہ، ایران مشن کے بعد کیوبا کا رخ کرنے کا اعلان

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کی حکومت گرانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری محاذ مکمل ہونے کے بعد واشنگٹن کی تمام تر توجہ کیوبا پر ہوگی۔وائٹ ہاؤس میں خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کا خاتمہ اب محض کچھ دنوں کی بات ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے کیوبا پر سخت معاشی دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہم پہلے ایران کا معاملہ نمٹانا چاہتے ہیں، اس کے بعد کیوبا کا نمبر آئے گا۔ٹرمپ انتظامیہ نے کیوبا کو وینزویلا سے ملنے والی تیل کی سپلائی روکنے کے لیے شکنجہ مزید سخت کر دیا ہے تاکہ جزیرے کی معیشت کو مفلوج کیا جا سکے۔امریکی صدر نے اپنی پہلی مدت میں فوج کی مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت پڑی وہاں طاقت کا استعمال کیا گیا اور اس کے نتائج بھی برآمد ہوئے۔ ماہرین کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس بیان سے لاطینی امریکہ میں بے چینی بڑھنے کا امکان ہے، کیونکہ وہ ایران کی طرز پر کیوبا میں بھی سخت عسکری و معاشی اقدامات کا ارادہ رکھتے ہیں۔