’ایران میں زمینی فوج اتارنا وقت کا ضیاع ہے‘: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زمینی فوج بھیجنے کے امکان کو فی الحال مسترد کردیا

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے امکان کو فی الحال مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اپنی بحریہ سمیت تقریباً سب کچھ کھو چکا ہے، اس لیے وہاں فوج اتارنا محض "وقت کا ضیاع" ہوگا۔ این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے ایرانی قیادت پر کڑی تنقید کی اور واضح کیا کہ وہ تہران کی موجودہ حکومت کا مکمل "صفایا" دیکھنا چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں اس وقت امریکی فوج بھیجنا ان کے ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے، کیونکہ ایران کے پاس اب کھونے کے لیے کچھ باقی نہیں بچا۔ ٹرمپ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے اس بیان کو "بے کار تبصرہ" قرار دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کسی بھی زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران میں ایک اچھا لیڈر دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس ایسے لوگ موجود ہیں جو یہ ذمہ داری بہتر طریقے سے نبھا سکتے ہیں، تاہم انہوں نے کسی مخصوص نام کا ذکر نہیں کیا۔ عسکری نقصان کا دعویٰ: ٹرمپ کے بقول ایران اپنی بحریہ اور اہم دفاعی صلاحیتیں کھو چکا ہے، جس کے باعث وہ اب بڑی مزاحمت کی پوزیشن میں نہیں رہا۔