اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان کے ورسٹائل فنکار، مصور اور گلوکار جمال شاہ نے اپنی نجی زندگی کے ایک حساس پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اداکارہ فریال گوہر سے شادی ختم ہونے کا افسوس آج بھی برقرار ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران جمال شاہ نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی اور اس کے بعد کے حالات پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔
جمال شاہ نے اپنی طلاق کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس وقت وہ خود جذباتی طور پر غیر متوازن تھے، جبکہ فریال گوہر ایک انتہائی مضبوط اور باوقار شخصیت کی مالک تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مزاج کے اسی فرق کی وجہ سے ان کا رشتہ پائیدار ثابت نہ ہو سکا۔ اداکار کے مطابق عوام اور قریبی حلقوں میں ان کی جوڑی کو بے حد پسند کیا جاتا تھا۔شادی ٹوٹنے کی خبر نے نہ صرف مداحوں کو مایوس کیا بلکہ ان کے لیے بھی یہ دور انتہائی کرب ناک تھا۔انہوں نے اس عرصے کو اپنی زندگی کا ایک "مشکل ترین دور" قرار دیا۔