خواتین کی شمولیت کے بغیر قومی ترقی ناممکن: صدر زرداری ووزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی پائیدار ترقی خواتین کی بامعنی شرکت کے بغیر ممکن نہیں۔

صدرِ مملکت کا پیغام: صدر آصف زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو، فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد کو مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو جائیداد، قرض اور روزگار تک برابر رسائی دی جائے اور امتیازی سماجی رویوں کا خاتمہ کیا جائے۔

وزیراعظم کا خراجِ تحسین: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، کھیل، عدلیہ اور مسلح افواج سمیت ہر شعبے میں خواتین کی کامیابیاں قابلِ فخر ہیں۔ حکومت ایسا ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں خواتین بلا خوف اپنی صلاحیتیں منوا سکیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ سے لے کر کاک پٹ تک خواتین کی خدمات ملک کی خوشحالی کی ضمانت ہیں