توانائی بچاؤ مہم، بنگلہ دیش میں تمام یونیورسٹیاں عید تک بند، ایندھن کی قلت کے باعث سخت اقدامات نافذ

ڈھاکہ (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور توانائی کی سپلائی میں شدید تعطل کے باعث بنگلہ دیشی حکومت نے ملک بھر کی تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیوں میں عید الفطر تک چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ بجلی کی کھپت میں فوری کمی لانے اور ایندھن کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ تعلیمی اداروں، بالخصوص یونیورسٹیوں میں بجلی کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔

موجودہ عالمی حالات میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ غیر ضروری کھپت کو روکا جائے۔سکولوں اور کالجوں میں رمضان کی وجہ سے پہلے ہی تعطیلات تھیں، اب یونیورسٹیوں کی بندش کے بعد ملک کے تمام تعلیمی ادارے عید تک مکمل طور پر بند رہیں گے۔ بنگلہ دیش اپنی توانائی کی ضروریات کا 95 فیصد حصہ درآمد کرتا ہے، جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی کا تعطل ملک کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

توانائی کی قلت کے باعث جہاں تعلیمی ادارے بند کیے گئے ہیں، وہیں گیس کی کمی کے باعث کھاد کے کارخانے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیمی اداروں کی بجلی بچا کر اسے ہسپتالوں اور انتہائی ضروری صنعتوں کو فراہم کی جائے تاکہ معاشی پہیہ چلتا رہے۔