مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی،پاکستان سے پروازوں کا بحران شدت اختیار کر گیا، آج بھی 85 پروازیں منسوخ

لاہور/کراچی/اسلام آباد (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کا فضائی آپریشن بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ مسلسل گیارہویں روز بھی پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے۔آج پاکستان کے تین بڑے ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے شیڈول 85 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ اور ابوظبی جانے والی 26 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ محض 10 پروازوں کی روانگی متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے بھی صورتحال مخدوش رہی جہاں دبئی اور دیگر خلیجی ریاستوں کے لیے 20 پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق گزشتہ 11 دنوں کے دوران پاکستان اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 1600 تک پہنچ چکی ہے۔

پروازوں کے اس تعطل سے نہ صرف ایئر لائنز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور ملازمتوں پر واپسی کے حوالے سے بھی شدید خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن کے نمائندے یا کال سینٹر سے فلائٹ کی کنفرمیشن لازمی حاصل کریں۔