ایران کے 51 بحری جہاز تباہ، ہزاروں میزائل ناکارہ بنا دیے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

فلوریڈا (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے 51 بحری جہاز اور ہزاروں میزائل تباہ کر دیے ہیں۔ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیشگی کارروائی اس لیے ضروری تھی کیونکہ ایران ایک ہفتے کے اندر اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ پر بڑا حملہ کرنے والا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں کے بعد ایرانی ڈرون حملوں میں 83 فیصد کمی آئی ہے اور امریکہ اپنی طے شدہ ٹائم لائن سے بہت آگے چل رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران کی ڈرون بنانے کی صلاحیت کو نشانہ بنانا شروع کر دیا گیا ہے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ کے پاس انتہائی سستے 'انٹرسپٹرز' موجود ہیں۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا "کھیل" کھیلا تو اسے ایسی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا جس سے وہ کبھی ریکور نہیں کر سکے گا۔ تاہم، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم کرنے کے لیے کچھ پابندیاں ختم کرنے کا بھی اشارہ دیا گیا۔

نئے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی رجیم کو دنیا کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے 100 فیصد یقین تھا کہ ایران ایک ہفتے میں حملہ کر دیتا، مجھے خوشی ہے کہ ہم نے وقت سے پہلے ایران کی طاقت کو ختم کر دیا۔