ٹوکیو/ہانگ کانگ (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جنگ "بہت جلد" ختم ہونے کے بیان نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں جان ڈال دی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں اچانک بڑی گراوٹ کے بعد ایشیا پیسیفک کی سٹاک مارکیٹس، جو گزشتہ روز شدید مندی کا شکار تھیں، آج زبردست ریکوری کے ساتھ ابھری ہیں۔ گزشتہ روز کی تاریخی گراوٹ کے بعد آج ایشیا کے بڑے مالیاتی مراکز میں تیزی کا رجحان رہا۔
جنوبی کوریا (KOSPI) کی بات کی جائے تو گزشتہ سیشن میں 6 فیصد نقصان کے بعد آج 5 فیصد کی ریکارڈ ریکوری دیکھی گئی۔ جاپان (Nikkei 225) میں گزشتہ روز 5 فیصد ڈوبنے کے بعد آج انڈیکس 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ہانگ کانگ کی مارکیٹ میں انڈیکس میں 1.5 فیصد اضافہ ہوا، جس نے گزشتہ روز کے تمام نقصانات کا ازالہ کر دیا۔ آسٹریلیا کی مارکیٹ گزشتہ روز کی 2.9 فیصد مندی کے بعد آج مارکیٹ 1 فیصد اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتی رہی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ گزشتہ روز قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل کی خطرناک سطح تک جا پہنچی تھیں، تاہم جنگ کے جلد خاتمے کی امید پر یہ اب 90 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز، جہاں سے عالمی تیل کی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد حصہ گزرتا ہے، وہاں جہاز رانی کی معطلی کے خدشات نے عالمی منڈیوں کو خوفزدہ کر رکھا تھا۔ صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان نے ان خدشات کو فی الحال زائل کر دیا ہے، جس کا براہِ راست مثبت اثر ایشیائی معیشتوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد پر پڑا ہے۔