بڑھتے ہوئے خطرات ، جرمنی نے بغداد میں اپنا سفارت خانہ عارضی طور پر خالی کر دیا

برلن/بغداد (رم نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جرمنی نے عراق کے دارالحکومت بغداد سے اپنے سفارتی عملے کو عارضی طور پر منتقل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ قدم عملے کی زندگیوں کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بغداد میں سفارت خانے کے عملے کی سکیورٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بغداد میں جرمن سفارت خانے کے عملے کو فی الحال عارضی طور پر عراق سے منتقل کر دیا گیا ہے۔وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ سفارتی عملے کی منتقلی کے باعث سفارت خانے کی قانونی اور قونصلر خدمات فی الحال محدود کر دی گئی ہیں۔

تاہم ہنگامی ضرورت کی صورت میں یہ خدمات اب بھی کسی حد تک دستیاب رہیں گی۔ جرمن وزیر خارجہ نے قبرص کے شہر نیکوسیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر اپنے امریکی ہم منصب سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی خطے میں اپنے شہریوں اور عملے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔