واشنگٹن/مسقط (رم نیوز) امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم راستے 'آبنائے ہرمز' میں بارودی سرنگیں (Mines) بچھانے کی کوشش کرنے والی 16 ایرانی کشتیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جہاز رانی کی آزادی اور عالمی بحری سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، امریکی افواج ایرانی حکومت کی سمندری جارحیت اور طاقت کو کم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
دوسری جانب، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 'ٹروتھ سوشل' پر جاری اپنے پیغام میں سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں مائنز بچھانے کی کوشش کی تو اسے مزید خوفناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اگر مائنز بچھائی گئی ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے، یہ درست سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے مزید واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں وہی جدید ٹیکنالوجی اور میزائل صلاحیتیں استعمال کی جا رہی ہیں جو عام طور پر منشیات سمگل کرنے والی تیز رفتار کشتیوں کے خلاف استعمال کی جاتی ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے واضح اشارے ملے تھے کہ ایران آبنائے ہرمز، جو کہ عالمی تیل کی سپلائی کا کلیدی راستہ ہے، کی ناکہ بندی کے لیے وہاں بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے۔امریکی کارروائی: گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 16 کشتیوں اور جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی مائن بچھانے کی کوشش عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ وہ ایرانی بحری طاقت کو عالمی تجارتی راستوں کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دے گا۔