تہران/ تل ابیب(رم نیوز) ایران کے پاسداران انقلاب نے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی اور امریکی فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کے ایک نئے اور بڑے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ایرانی حکام نے اس حالیہ بمباری کو جاری تنازع کی اب تک کی ’سب سے شدید اور مہلک‘ کارروائی قرار دی ہے۔
آج صبح تل ابیب کے آسمان پر درجنوں راکٹ اور پروجیکٹائل دیکھے گئے، جن کی تصاویر ایرانی میڈیا نے بھی شائع کی ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی 'فارس نیوز' نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی سعودی عرب کے شہر دمام میں واقع امریکی فوجی اڈے کو ایرانی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے اپنے حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ حملوں کی ایک نئی لہر ہے جس کا براہِ راست ہدف اسرائیلی اور امریکی عسکری تنصیبات ہیں۔