بحر ہرمز میں ایرانی بارودی سرنگوں کی موجودگی کا خدشہ، عالمی معیشت اور بحری تجارت خطرے میں

واشنگٹن(رم نیوز) مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع کے دوران ایسی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ایران نے عالمی تجارت کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل گزرگاہ، بحرِ ہرمز میں چھوٹی بحری بارودی سرنگیں بچھانا شروع کر دی ہیں۔ امریکی دارالحکومت سے موصولہ رپورٹس کے مطابق، اگر ان خبروں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جاری جنگ کی وجہ سے یہ اہم سمندری راستہ فی الوقت تمام تر تجارتی ٹریفک کے لیے تقریباً بند ہے، جس کے باعث نجی کارگو کمپنیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ نجی بحری کمپنیوں کی جانب سے اپنے جہازوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کی بار بار درخواستیں کی گئی ہیں، جنہیں امریکی فوج نے فی الحال مسترد کر دیا ہے۔

مغربی دفاعی ماہرین طویل عرصے سے یہ تنبیہ کرتے رہے ہیں کہ ایران بحرِ ہرمز کو 'بوبی ٹریپ' کے طور پر استعمال کر کے نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ پوری دنیا کی سپلائی چین کو مفلوج کر سکتا ہے۔