ڈھاکہ(رم نیوز) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا مقابلہ آج ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز سہ پہر 1 بجکر 15 منٹ پر ہوگا، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں گرین شرٹس میزبان ٹیم کے مدمقابل ہوں گی۔ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شامل حسین اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کریں گے۔
صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر بھی رہ چکے ہیں۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نوجوان سکواڈ پر مکمل بھروسے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھا کر جگہ بنائی ہے، تاہم انہیں بنگلہ دیشی کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونا پڑے گا۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 مارچ اور آخری میچ 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ٹیم میں محمد رضوان، حارث رؤف، سلمان علی آغا، ابرار احمد اور فہیم اشرف جیسے تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔