نیویارک/ بیروت(رم نیوز) اقوام متحدہ نے لبنان میں جاری حالیہ کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے لیطانی کے جنوبی علاقوں کی تقریباً تمام آبادی اس وقت جنگی کارروائیوں کی لپیٹ میں ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں بریفنگ کے دوران فریقین سے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق جنوبی لبنان، بعلبک، وادی بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافات میں بسنے والے لاکھوں شہری اسرائیلی حملوں اور نقل مکانی کے احکامات کے باعث شدید خطرے سے دوچار ہیں۔ لبنانی حکومت کے مطابق جنگ شروع ہونے سے اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ لبنان کے ہسپتال زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث شدید دباؤ میں ہیں، جبکہ دائمی امراض میں مبتلا پناہ گزینوں کو ادویات اور علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔