تہران (رم نیوز) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی شہر کرمان کی فضائی حدود میں ایک غیر ملکی ڈرون کو کامیابی سے نشانہ بنا کر مار گرایا گیا ہے۔ ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق یہ ڈرون مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی کا حصہ تھا۔ایرانی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ آج صبح سویرے ایک مشتبہ ڈرون کرمان شہر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے پایا گیا، جسے فوری طور پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کے ذریعے تباہ کر دیا گیا۔
کرمان کا شہر ایران کے دفاعی اور سٹریٹجک لحاظ سے انتہائی اہم ہے، اور یہاں تک دشمن کے ڈرون کی رسائی ایرانی فضائی دفاعی نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج تصور کی جا رہی ہے۔ایرانی حکام نے اس دراندازی کا براہ راست ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون جاسوسی یا ممکنہ طور پر کسی اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں شدید جنگی صورتحال برقرار ہے اور امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل فضائی مہم جاری ہے۔
ایران کی جانب سے اس واقعے کے بعد اپنی تمام فضائی حدود میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس دراندازی کے جواب میں ایران کی جانب سے مزید جوابی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔