اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ملک کو ایک محفوظ 'ڈیجیٹل نیشن' بنانا ہے، جہاں سائبر سکیورٹی کو مرکزی اہمیت حاصل ہو۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال بڑے دشمن کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی کے پیچھے سائبر سکیورٹی کا اہم ہاتھ تھا۔
انہوں نے کہا کہ جدید جنگوں میں ڈیجیٹل دفاع کی اہمیت عسکری قوت سے کم نہیں ہے۔شزا فاطمہ نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان خود ملک کو کیش لیس اکانومی کی طرف لے جانے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حکومت کا مقصد تمام سرکاری ٹرانزیکشنز کو ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ معاشی نظام میں شفافیت اور تیزی آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور کوانٹم ٹیکنالوجیز نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں نئے چیلنجز اور مواقع پیدا کیے ہیں۔
حکومت ان جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے شہریوں کے ذاتی ڈیٹا اور قومی ڈیٹا بیس کو محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ "ڈیجیٹل پاکستان" ویژن کے تحت حکومت ایک ایسی محفوظ ڈیجیٹل اکانومی کی جانب گامزن ہے جہاں ٹیکنالوجی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچ سکیں۔