مشرقِ وسطیٰ بحران کے سائے، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

کراچی/تہران (رم نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اس وقت مندی کا رجحان ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور تیل بردار جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی اور مقامی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ ایران کی جانب سے امن کے لیے کڑی شرائط اور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی دھمکی نے سرمایہ کاروں میں بے چینی پھیلا دی ہے، جس کا براہِ راست اثر پاکستان سٹاک مارکیٹ پر دیکھنے میں آیا ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 2000 سے زائد پوائنٹس کی بڑی گراوٹ کے ساتھ 1 لاکھ 53 ہزار 503 کی سطح پر آ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مارکیٹ 318 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 55 ہزار 858 پر بند ہوئی تھی، تاہم آج عالمی صورتحال کے باعث مندی کی لہر مزید گہری ہو گئی ہے۔