آزاد کشمیر: بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا، وادی میں سردی کی شدید لہر برقرار

مظفرآباد(رم نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ بالآخر تھم گیا ہے۔ تاہم بادل چھٹنے کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے مہینے میں اس غیر معمولی سردی نے دسمبر کے کڑاکے کی یاد تازہ کی ہے۔بارشوں کے بعد دریائے نیلم اور دریائے جہلم کے بہاؤ میں تیزی ہے اور پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔

دوسری جانب بالائی علاقوں میں بجلی کی بار بار بندش اور ’آنکھ مچولی‘ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر ہے، جس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ایس ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ وادی لیپہ اور دیگر بالائی شاہراہوں پر شدید پھسلن کے باعث گاڑیوں کے حادثات کا خدشہ ہے۔ پہاڑی سلسلوں میں مٹی کے تودے گرنے یعنی لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات تاحال برقرار ہیں۔ حکام نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بالائی علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور سفر کی صورت میں حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔