اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے زیرِ اہتمام ملک میں فائیو جی (5G) انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے سپیکٹرم نیلامی کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ فائیو جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کا یہ مرحلہ پاکستان کی ڈیجیٹل تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت میں بھی اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
اس اہم پیش رفت کی نگرانی چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، پی ٹی اے بورڈ ممبران اور دیگر اعلیٰ حکام کر رہے ہیں۔آج کے مرحلے میں 2600 میگا ہرٹز (MHz) سپیکٹرم کی پوزیشننگ کے لیے بولی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ ملک کی تینوں بڑی ٹیلی کام کمپنیاں اس عمل میں آن لائن حصہ لے رہی ہیں۔ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نیلامی کا ہر راؤنڈ 15 منٹ پر محیط رکھا گیا ہے۔
پہلے 2600 میگا ہرٹز بینڈ کی نیلامی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد 3500 میگا ہرٹز کے لیے بولی لگائی جائے گی۔ ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد کے مطابق، اگر ایک ہی بینڈ پوزیشن کے لیے دو آپریٹرز آمنے سامنے آتے ہیں تو بولی کا عمل اگلے مرحلے میں داخل ہو جائے گا، جس کے ساتھ ہی سپیکٹرم کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا جائے گا۔