مسقط(رم نیوز)سلالہ پورٹ پر مبینہ ایرانی حملہ میں تیل کے ذخائر میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ۔ عمان کی تزویراتی اہمیت کی حامل سلالہ پورٹ پر ایک مبینہ ایرانی حملے کے نتیجے میں تیل کے بڑے ذخائر میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ اس واقعے نے خلیجی خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ سلالہ پورٹ پر یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب منگل کے روز بھی آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تین بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ان جہازوں میں تھائی لینڈ، جاپان اور مارشل آئی لینڈ کے پرچم بردار جہاز شامل تھے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عمان کی تیل تنصیبات پر حملہ علاقائی تناؤ بڑھانے کی ایک گہری سازش ہے۔
تہران کے مطابق بعض اوقات امریکہ اور اسرائیل خطے میں اشتعال انگیزی پھیلانے کے لیے ایسے اقدامات کرتے ہیں۔ ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب نے تھائی لینڈ کے پرچم بردار جہاز پر حملے کی ذمہ داری پہلے ہی قبول کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے موجودہ صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ سلالہ پورٹ پر تیل کے ذخائر کو نشانہ بنائے جانے سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور سمندری تجارتی راستوں کی بندش کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔