سید نہال ہاشمی سندھ کے نئے گورنر نامزد، وزیراعظم نے سمری صدر کو بھجوا دی

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور ممتاز قانون دان سید نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تعیناتی کی سمری منظوری کے لیے صدرِ پاکستان کو بھجوادی ہے۔ ایک ملاقات میں وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی ہے۔

ملاقات کے دوران صوبائی امور اور وفاق و صوبے کے درمیان ہم آہنگی پر تبادلہ خیال ہوا۔ سید نہال ہاشمی کا شمار مسلم لیگ (ن) کے تجربہ کار سیاست دانوں میں ہوتا ہے۔ وہ 1997 سے 1999 تک میاں نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2015 سے 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہے ہیں۔نہال ہاشمی مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اور جنرل سیکرٹری جیسے کلیدی عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔